جمعرات, جون 26, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںدہشت گردی پوری دنیا کیلئے مشترکہ خطرہ ، اسے سیاسی مقاصد کے...

دہشت گردی پوری دنیا کیلئے مشترکہ خطرہ ، اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے، خواجہ آصف

بیجنگ:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پوری دنیا کے لیے مشترکہ خطرہ ہے، اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے،پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کرتا ہے،عالمی برادری اسرائیل پر مستقل جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالے، مسئلہ کشمیر عالمی تنازع ہے،بھارت غیر قانونی طور پر کشمیر پر قابض اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے چین کے شہر شان ڈونگ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے وزرائے دفاع اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی موجودگی میں موثر اور دوٹوک انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا۔خواجہ آصف نے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو عالمی تنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت غیرقانونی طور پر کشمیر پر قابض ہے اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دیرینہ تنازعات خصوصا مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا پرامن حل یقینی بنائے کیونکہ یہ عالمی امن و سلامتی کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
مسئلہ کشمیر اورفلسطین کے پرامن حل کے لیے مذاکرات،ثالثی اورسفارتی حکمت عملی اختیار کی جائے۔وزیر دفاع نے بھارتی حاضر سروس نیول افسر کلبھوشن یادیو کا بھی ذ کر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی تحویل میں ہے اور اس پر ملکی قوانین کے مطابق احتساب جاری ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں نمایاں ہیں اور ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے بھی حامی ہیں۔انہوں نے پیلگام حملے سمیت ہر دہشت گرد کارروائی کی مذمت کی اور کہا کہدہشت گردی پوری دنیا کے لیے مشترکہ خطرہ ہے، دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے، نہ ہی کسی ملک کو اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس کو استعمال کرنے دیا جائے۔
جعفرایکسپریس حملوں کے منصوبہ سازوں، مالی معاونین،سرپرستوں کو کٹہرے میں لایا جائے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایس سی او خطے میں امن و استحکام کا ایک اہم ستون ہے اور پاکستان اس کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی رکھتا ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی بحران کے خاتمے پر زور دیا۔خواجہ آصف نے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کو خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ خطرہ ہے، جس سے اجتماعی طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ تمام ریاستوں کو چاہیے کہ وہ اس حساس معاملے کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایس سی او میں فعال کردار علاقائی استحکام اورمشترکہ تعاون کے فروغ میں اہم ستون ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے منشو، ایس سی او چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کرتا ہے، افغانستان میں پائیدار امن اوراستحکام کو علاقائی خوشحالی اورایس سی اوویژن کے لیے ناگزیر ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے