جمعرات, جون 26, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریں190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی، نیب...

190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی، نیب کی استدعا منظور

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی گئی، سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ پر دبا ڈالنا چاہتے ہیں۔ 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی، جس میں نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں، وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، فیصل جاوید سمیت پارٹی کے دیگر اہم رہنما بھی عدالت میں موجود تھے جب کہ عدالت کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حق میں نعرے بازی کی۔
اس موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔دورانِ سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وہ کل ہی اس کیس میں پراسیکیوٹر مقرر ہوئے ہیں۔ انہوں نے عدالت میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی پیش کیا اور کہا کہ یہ ایک اہم کیس ہے اور اسے سمجھنے کے لیے انہیں 4 ہفتوں کا وقت دیا جائے تاکہ وہ ریکارڈ پڑھ سکیں اور مکمل تیاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ کبھی اس کیس کا حصہ نہیں رہے، اس لیے مناسب موقع دیا جانا شفافیت کے تقاضوں کے عین مطابق ہوگا۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے مسلسل التوا کی روش اپنائی جا رہی ہے۔ نیب کے وکیل رافع مقصود نے 5 جون کو بھی کہا تھا کہ وہ بحث نہیں کریں گے۔ یہ کیس عام نہیں بلکہ اس میں خاتون کو بھی سزا دی گئی ہے اور عدالتوں کا عمومی رویہ ہوتا ہے کہ خواتین کو سزا معطل کی جاتی ہے۔ ہمیں اپنا کیس شروع کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ ہم دلائل پیش کر سکیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے شکوہ کیا کہ آج کافی دنوں بعد کیس لگا ہے، پیر کو کیس مقرر کر لیں اور مجھے سنا جائے۔ انہوں نے پراسیکیوشن کو مزید کہا، کیس بنایا ہے تو آئیں کھیلیں، اپیل میں کیوں بھاگتے ہیں؟۔اس پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے جواب دیا، بالکل کھیلیں گے۔نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا، اس کیس میں 14 سال کی سزا ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اسے عام کیس کی طرح ڈیل کیا جائے۔بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ اگر آپ نے کیس بنایا ہے تو آئیں اور کھیلیں،جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے جواب دیا کہ بالکل کھیلیں گے۔سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس نے وکلا اور عدالت میں موجود دیگر افراد کو تنبیہ کی کہ وہ عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھیں اور عدالت پر غیر ضروری دبا نہ ڈالیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ آپ مجھ پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے عدالتی عملے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب کو کہیں ہم انتظار کر رہے ہیں، بڑی مہربانی ہو گی اگر وہ ہمیں آئندہ کی تاریخ دے دیں۔ جس پر عدالت نے جواب دیا کہ تحریری آرڈر میں آئندہ تاریخ دی جائے گی۔عدالت نے نیب کی جانب سے کیس کی تیاری کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر فریقین دلائل کا آغاز کریں۔ نئی تاریخ تحریری فیصلے میں جاری کی جائے گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے