تہران،تل ابیب:ایران کی جانب سے جنگ کے آٹھویں روز جنوبی اسرائیل میں میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے جس سے کم سے کم 18 صہیونی زخمی ہوگئے جبکہ متعدد عمارتیں ملیا میٹ ہو گئیں اور بیشتر مقامات سے دھواں اٹھتا دکھائی دیاہے ۔ اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔بحیرہ مردار میں ڈرونز کی دو بار پروازوں کے بعد میزائل داغے گئے، حملے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی البتہ جنوبی اسرائیل کے علاقے بیرشیبا میں سینکڑوں گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات آئی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت میزائل حملے کی چودھویں لہر اٹھی جس کی ایران نے ویڈیو بھی جاری کی، اس لہر میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطا بق اسرائیل کے شہر بیر سبع پر ایران نے بڑا میزائل حملہ کردیا،حملے میں 18 صہیونی زخمی ہوگئے ایرانی حملے سے بیرسبع کا ٹیکنالوجی سنٹر تباہ ہوگیا،میزائل گرنے سے ٹیک ٹار میں آگ بھڑک اٹھی،اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ ہمارا دفاعی نظام ایرانی میزائل کا راستہ نہ روک سکا۔اسرائیلی حکام نے تسلیم کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام غیر موثر ہوتا جارہا ہے۔فوجی حکام نے دعوی کیا ہے کہ میزائل انٹرسیپٹر سسٹم میں ممکنہ تکنیکی خرابی کے باعث میزائل کو روکا نہیں جا سکا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح اسرائیل کے جنوبی شہر بیرشیبہ میں پیش آیا، جہاں ایران کی جانب سے داغا گیا میزائل رہائشی اپارٹمنٹس کے قریب آ گرا۔ واقعے میں کم از کم پانچ افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ متعدد گاڑیوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔فوجی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انٹرسیپٹر نظام میں خرابی کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے حملوں سے موثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ٹائمز آف اسرائیل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج اس واقعے کو ایک تکنیکی ناکامی کے طور پر دیکھ رہی ہے، جو دفاعی صلاحیت پر سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ادھر اسرائیل پر ہونے والے نئے حملوں پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا صیہونی دشمن کو سزا دینے کا سلسلہ جاری ہے،ابھی اسی وقت ہم صیہونی دشمن کو سزا دے رہے ہیں۔ادھراقوام متحدہ میں ایران کے مشن کا کہنا ہے کہ تہران صیہونیوں کا جھوٹا دعوی یکسر مسترد کرتا ہیکہ اسرائیلی اسپتال کو نشانہ بنیا گیا۔مشن نے واضح کیا کہ حق دفاع استعمال کرتے ہوئے ایران عالمی قوانین کے پاسداری کے تحت مخصوص اہداف پر حملے کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا کہ صرف ایسے اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو ایران پر حملوں میں براہ راست ملوث ہیں یا پھر صیہونی جارحیت میں معاونت کررہے ہیں۔یاد رہے کہ جمعرات کو ایران کے تازہ میزائل حملوں سے ہونے والی تباہی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی میزائلوں نے سروکا اسپتال اور وسطی اسرائیل میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، اس حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سابق سربراہ میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کو پہلی فتح کی مبارکباد دیتا ہوں۔سابق سربراہ پاسداران انقلاب نے کہا کہ دشمن کو غلط اندازے لگانے پر مجبور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ہماری جوابی کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی، اسے ضرور مکمل کیا جائے گا۔محسن رضائی نے کہا کہ جنگ کے ساتویں روز 400 سے زائد میزائل داغ چکے ہیں، درجنوں میزائلوں نے ان کے نام نہاد آئرن ڈوم کو چیر ڈالا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام افزودہ مواد محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جا چکا ہے، فی الحال جنگ بندی کا مطلب ایک نئی جنگ کو دعوت دینا ہوگا، کمزورپوزیشن پرموجوددشمن کوجنگ بندی کے ذریعے دوبارہ سنبھلنے کاموقع نہیں دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے امریکا کو صاف کہا یا تو میری مدد کرو یا جنگ بندی کا اعلان کر دو،ہم نے فتح اورسجیل میزائلوں کے ذریعے مشترکہ حملے کیے ہیں،دشمن نے نطنز، خنداب اور اراک کو نشانہ بنایا، ہم ان علاقوں کوخالی کرا چکے تھے۔ایرانی پاستداران انقلاب کے سابق سربراہ میجر جنرل محسن رضائی نے کہا کہ ہماری تجزیاتی رپورٹ نے واضح طور پر پیشگوئی کر دی تھی کہ جنگ چھڑ جائے گی،ابھی ہم نے اپنی زمینی اور بحری صلاحیتوں،آبنائے ہرمز کو استعمال نہیں کیا۔ دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے جمعہ کی صبح ایران کے مزید 3 میزائل لانچرز تباہ کرنے اور ایرانی ملٹری کمانڈر کو شہید کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کارروائی کی ڈرون فوٹیج بھی جاری کردی ہے۔
صہیونی فوج کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے حالیہ کارروائی میں ایران میں واقع 3 بیلسٹک میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا، جو اسرائیل پر حملے کے لیے تیار حالت میں تھے۔اس حملے میں ایک ایرانی فوجی کمانڈر کو بھی ہلاک کر دیا گیا، جو اس لانچ سائٹ پر موجود تھا اور میزائلوں کی تیاری میں ملوث تھا۔ اسرائیلی فوج نے رات گئے تہران میں ایرانی فوجی تنصیبات اور ایک جوہری تحقیقاتی مرکز پر وسیع فضائی حملوں کا دعوی کیا ہے، صہیونی فوج کے ان حملوں میں 60 سے زائد لڑاکا طیارے شامل تھے، جنہوں نے 120 بم اور میزائل داغے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ نشانہ بنائے گئے مقامات میں تہران میں واقع متعدد میزائل سازی کے کارخانے شامل تھے، جو ایران کی وزارت دفاع کے صنعتی مرکز کے طور پر کام کر رہے تھے۔فوج کے مطابق ان اہداف میں وہ فوجی صنعتی مقامات شامل تھے جہاں میزائل کے پرزے تیار کیے جا رہے تھے، اور وہ تنصیبات بھی جہاں میزائل انجن کے لیے خام مال تیار کیا جا رہا تھا۔یہ حملے ایس پی این ڈی جوہری منصوبے کے صدر دفتر پر بھی کیے گئے، جو صہیونی فوج کے مطابق اس جنگ کے دوران پہلے بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس پی این ڈی جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کی تحقیق و ترقی کا مرکز ہے، جو ایرانی حکومت کی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرتا ہے، اسے 2011 میں محسن فخری زادہ نے قائم کیا تھا، جو ایران کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کے بانی سمجھے جاتے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ ایک اور مقام کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں ایران کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کے لیے ایک کلیدی جزو تیار کیا جا رہا تھا۔اسرائیلی حکام نے جنوبی اسرائیل میں ایرانی حملے کے بعد بیرشیبا کا ریلوے سٹیشن بند کر دیا ہے، شہریوں کو متاثرہ مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی، بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل حملہ براہ راست داغا گیا ہے، اسے دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا۔اسرائیلی ایمرجنسی سروسز نے حملے میں ہلاکتوں کی اطلاع نہیں دی، صرف کچھ افراد زخمی ہونے کا بتایا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ اس نے ایرانی میزائلوں کے حملے کا پتا چلا لیا ہے اور دفاعی نظام ان کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے بعد اطلاعات دی جائیں گی۔ایرانی ذرائع ابلاغ نے صوبہ گیلان کے علاقے رشت انڈسٹریل سٹی میں دھماکے کی اطلاع دی ہے۔اسی دوران سوشل میڈیا پر علاقے سے ویڈیوز شائع کی گئی ہیں جن میں دھماکے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کو دکھایا گیا ہے۔ایک گھنٹہ پہلے یہ اطلاع ملی تھی کہ اسرائیلی فوج نے رشت کے قریب سیفیدرڈ انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی تھی۔اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے بیر شیبہ میں صرف ایک ہی میزائل فائر کیا اور اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائل کو روکنے میں مکمل ناکام رہا۔ اسرائیلی حکام نے دعوی کیا کہ گزشتہ روزایران نے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں میں کلسٹرمواد استعمال کیا۔