منگل, جون 24, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںجناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے جدید ترین طبی تحقیق کے...

جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے جدید ترین طبی تحقیق کے لیے آلات سے لیس اسپتال ہوگا، شہبازشریف


اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں 100 فیصد شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کو جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لیے آلات سے لیس اسپتال ہوگا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں روڈ شوز منعقد کیے گئے۔ ان روڈ شوز میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے دو کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں 10 ممالک کی 33 کمپنیوں نے شرکت کی۔ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 600 کنال اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے، ماہرین/کنسلٹنٹس کی تعیناتی کے لیے بین الاقوامی سطح پر اشتہار دیا جا چکا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال، چیئرمین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے