بدھ, جون 25, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںمعیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،...

معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، شہبازشریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں معیشت کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور کیش لیس اکانومی کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے اعلی سطح کی کمیٹی قائم کر دی، جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔ کمیٹی ہر ہفتے معیشت کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بدھ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے کی سیکیورٹی، بجٹ کی تیاری، اور اتحادی جماعتوں کی حمایت کے حصول جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ڈیجیٹل اکانومی اور کیش لیس معیشت کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بجٹ میں اتحادی جماعتوں کی تجاویز اور حمایت کے حصول پر بھی تفصیلی غور کیاگیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کے لیے تاجروں کو واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں جب کہ عوامی سطح پر بھی کیش لیس لین دین کو فروغ دینے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ وزارتِ خزانہ اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کیش لیس اکانومی اور معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن کو فروغ دینے کے لیے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پالیسی اقدامات سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے و مالی نظام میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور خریداری کو اپنانا ناگزیر ہے۔شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران شفاف اور موثر انداز میں حقداروں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے امدادی رقوم کی منتقلی کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا، جس سے نہ صرف شفافیت ممکن ہوئی بلکہ انسانی مداخلت کے بغیر مستحقین کو ان کا حق ملا۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت میں بہتری کے باعث مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے اور یہ مثبت اشاریے ملک کی سمت درست ہونے کا ثبوت ہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے