بلوچستان کابینہ نے 1020 ارب روپے کے متوازن بجٹ 2025-26 کی منظوری دے دی ‘میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان کابینہ کا اہم اجلاس چیف منسٹر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2025-26 کے لیے 1020 ارب روپے کے متوازن بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ ارکان نے متفقہ طور پر بجٹ کو صوبے کے عوام کی ضروریات، ترقیاتی اہداف اور اصلاحاتی حکمت عملی سے ہم آہنگ قرار دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود جامع، شفاف اور ترقیاتی ترجیحات پر مبنی بجٹ تیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ کا 98 فیصد اجرا ایک بڑی کامیابی ہے، جس پر بیوروکریسی، وزارت خزانہ اور اتحادی حکومت کو سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے
، جس کے تحت 2300 نوجوانوں کا دوسرا بیچ تربیت کے لیے روانہ کیا جا رہا ہے۔ زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن، اسٹیٹ بینک کے ذریعے شفاف رقوم کی منتقلی، 3200 بند اسکولوں کی بحالی، 150 بیسک ہیلتھ یونٹس کی ٹیلی میڈیسن سے منسلکی اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی بجٹ میں شمولیت کو بجٹ کے نمایاں نکات قرار دیا گیا۔وزیر اعلی نے اعلان کیا کہ آئندہ سال ہر ضلع میں ریسکیو 1122 کی سروس دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایریگیشن، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی، کمیونیکیشن اور امن و امان بجٹ کی مرکزی ترجیحات میں شامل ہیں۔ کابینہ نے 98 فیصد ترقیاتی بجٹ اجرا پر اتحادی حکومت، وزیر خزانہ، پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور بیوروکریسی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔