اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں ہے، جدید ٹیکنالوجی کو اس طریقے سے اپنائیں کہ پارلیمانی نظام میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں،ایوان بالا نے قانون سازی میں جدیدیت کے لئے انتہائی اہم پیش قدمی کی ہے، ڈیجیٹل گورننس، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور عوامی خدمت کی بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال اب کوئی سوال نہیں بلکہ ایک ضروری حصہ بن چکا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ میں منعقدہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے متعلق نالج سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) پارلیمان کو عوام سے بہتر طور پر جوڑنے اور ڈیٹا کا بروقت تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ حکمرانی کو موثر، فعال اور ذمہ دار بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا کردار کلیدی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا، عامر ابراہیم، سی ای او جاز، اور معزز شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
یورپی یونین مشن کا شکریہ جنہوں نے پارلیمانی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل تعاون فراہم کیا۔ سفیریورپی یونین کی بدولت پارلیمانی بجٹ آفس کے قیام اور سینیٹ کے لیے مصنوعی ذہانت AI ٹولز کی تیاری ممکن ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا یورپی یونین کی پارلیمانی اداروں کے ساتھ وابستگی کو سراہتے ہیں اور مستقبل میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے مشیر برائے خصوصی اقدامات ردا قاضی اور پارلیمانی ترقیاتی یونٹ، سینیٹ سیکرٹریٹ، مستحکم پارلیمان اور پیپس کو خراجِ تحسین۔ کیا۔چیئرمین سینیٹ کا کہناتھا اس سیشن کا موضوع میرے دل کے بہت قریب ہے۔ حکومت کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں مضمر ہے۔ بحیثیت وزیراعظم پاکستان، میری حکومت نے ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبے کو سماجی و اقتصادی اور نالج و ڈیجیٹل اکانومی کا محور قرار دیتے ہوئے خصوصی توجہ دی۔ پسماندہ علاقوں میں آئی ٹی انسٹیٹیوٹس قائم کیے، عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے شراکت داری کی ترغیب دی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل رسائی کو فروغ دینے اور نظام کی جدت کے لیے ہمیشہ پرعزم رہا۔ ایوان بالا نے قانون سازی کی جدیدیت کی جانب اہم پیش قدمی کی ہے۔ ایوان بالاخطے کا پہلا پارلیمانی ادارہ بن چکا ہیں جس نے مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعی ذہانت AI چیٹ بوٹ کی تیاری کا آغاز کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا مصنوعی ذہانتAI چیٹ بوٹ اراکینِ پارلیمنٹ کو قانون سازی، کمیٹی کارروائی، اور دیگر معلومات تک فوری رسائی دے گا۔ مصنوعی ذہانتAI چیٹ بوٹ وقت کی بچت، مسودہ نویسی، نگرانی اور پالیسی سازی میں بہتری لائے گا۔ مصنوعی ذہانتAI لٹریسی پر ہونے والا سیشن اراکین کو اس ٹیکنالوجی کی بہتر تفہیم فراہم کرے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا جھوٹے بیانیے اور غلط معلومات کے پھیلا ؤکے خلاف مصنوعی ذہانت AI کی صلاحیت کلیدی ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کی مصنوعی ذہانت AI ریگولیشن کا پہلا فریم ورک قابلِ تقلید ماڈل ہے۔ پارلیمانی شعبے میں مصنوعی ذہانت AI کا ذمہ دارانہ استعمال ناگزیر ہے۔ ٹیکنالوجی کے شعبے کے ساتھ مزید گہرے اشتراک کے خواہاں ہیں تاکہ قومی مفاد میں جدت لائی جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا تمام شرکا، ماہرین، ماڈریٹرز اور شراکت داروں کا شکریہ جنہوں نے اس سیشن میں شرکت کی۔ دعا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر منعقدہ یہ سیشن ہم سب کے لیے بہتری اور رہنمائی کا باعث ہو۔