منگل, جون 24, 2025
ہوماخبار کوئٹہایرانی پیٹرول پر پابندی عوام دشمن فیصلہ ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی

ایرانی پیٹرول پر پابندی عوام دشمن فیصلہ ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی اور ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری اور پارٹی کے انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے ڈی سی کوئٹہ کی جانب سے ایرانی پیٹرول کی فروخت پر پابندی کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام دشمن اور ناقص فیصلہ قرار دیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ انگریز دور میں ڈپٹی کمشنر کا عہدہ عوام کی سہولت کے لیے تخلیق کیا گیا تھا تاکہ بحرانوں میں عوام کو ریلیف مل سکے، مگر بدقسمتی سے اسلامی جمہوری ریاست میں یہ عہدہ عوام کو سہولت دینے کے بجائے ان پر عذاب بن چکا ہے۔بی این پی رہنماں نے کہا کہ ایرانی پیٹرول کی کھلی فروخت پر پابندی سے نہ صرف ہزاروں افراد کا روزگار چھن گیا بلکہ عوام کو ان کی دہلیز پر ملنے والی آسان سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں پیٹرول کا شدید بحران پیدا ہوا ہے۔
شہری معمولی مقدار میں پیٹرول کے لیے گھنٹوں قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں، اور یہ سب ایک غلط اور غیر حقیقت پسندانہ فیصلے کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی پیٹرول بیچنے والے نوجوان اپنی محنت سے اپنے گھر چلا رہے تھے، مگر انہیں ایک سازش کے تحت بے روزگار کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان میں پہلے ہی نہ صنعتیں ہیں، نہ زراعت، نہ روزگار کے مواقع، اور نہ ہی معیاری تعلیم، ایسے میں روزی کے چھوٹے مواقع بھی بند کرنا عوام کے ساتھ سنگین زیادتی ہے۔
غلام نبی مری اور نسیم جاوید ہزارہ نے ڈی سی کوئٹہ سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ پابندی فوری طور پر واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کریں، کیونکہ اس طرح کے فیصلے عوام میں ریاست اور حکومت کے خلاف نفرت اور محرومی کے جذبات کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بدقسمتی یہی ہے کہ یہاں ہمیشہ ایسے فیصلے کیے جاتے ہیں جو عوام کو سہولت دینے کے بجائے اذیت میں مبتلا کرتے ہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے