بدھ, جون 25, 2025
ہوماہم خبریںایران نے اسرائیل پر ہائپرسونک میزائلوں کی بارش برسادی، یہودی قابضین کو...

ایران نے اسرائیل پر ہائپرسونک میزائلوں کی بارش برسادی، یہودی قابضین کو علاقہ چھوڑنے کی وارننگ


اسرائیل کی جانب سے دن بھر ران پر حملوں کے بعد ایران نے پورے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی جس کے نتیجے میں 6 اسرائیلی زخمی ہوگئے اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ایران کے میزائل پہنچتے ہی اسرائیل کے تل ابیب، حیفہ اور دیگر شہروں میں سائرن بج اٹھے، شہریوں کو شیلٹرز کی جانب جانے اور اگلے احکام تک وہاں سے نہ نکلنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
اسرائیل نے اپنے تمام ہوائی اڈے اور فضائی حدود مکمل طور پر بند کردی ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایران کے بیلسٹک میزائل اسرائیل کے کئی مقامات پر ٹکرانے کی اطلاعات کے بعد ایمرجنسی سروسز کو روانہ کیا گیا ہے۔
تازہ ترین حملوں کے نتیجے میں جنوبی اسرائیل میں 4 شہری زخمی ہوئے ہیں، اور حیفہ میں آگ لگی ہوئی ہے، وہاں بھی 2 شہری زخمی ہوئے ہیں، شمالی اسرائیل میں بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
یروشلم پوسٹ کے مطابق ’زکا‘ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شمالی اسرائیل میں ایک عمارت پر براہ راست میزائل ٹکرایا ہے، جہاں ٹیمیں بھیجی جارہی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کے ہائپرسونک میزائل کے حملے میں اسرائیل میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، متعدد لوگ زخمی ہیں، ہزاروں لوگ زیر زمین جاچکے ہیں، جب کہ اسرائیل میں خوف کا سماں ہے۔
تہران ٹائمز کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے کہا ہے کہ یہودی قابضین مقبوضہ علاقے چھوڑدیں، کیوں کہ یہی ان کی بقا کا واحد راستہ ہے، جرائم پیشہ لوگوں کو بطور انسانی ڈھال استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسرائیل پر بڑے میزائل حملے کے بعد ایران کے کئی صوبوں میں احواظ دفاعی نظام کو فعال کردیا گیا ہے، تہران ٹائمز کے مطابق یہ اقدام انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل شادمانی نے کہا ہے کہ جان لیوا کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اسرائیلی اپنی جارحیت پر مکمل طور پر پچھتانے نہ لگیں۔
خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے فوجی کارروائیوں کا سلسلہ بہت زیادہ شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں ایران نے اتوار کو تل ابیب، وسطی اور شمالی اسرائیلی شہروں پر بیلسٹک میزائل سے حملے کیے تھے، قیصریہ میں ایرانی حملے سے نیتن یاہو کا خاندانی گھر بھی متاثر ہوا تھا۔
آئی ڈی ایف نے ایران سے بھیجے گئے 100 سے زائد ڈرونز کو روکا
اسرائیلی فوج نے اتوار کی شام تصدیق کی ہے کہ ’آپریشن رائزنگ لائن‘ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فضائیہ اور اسرائیلی بحریہ نے ایران سے بھیجے گئے 100 سے زائد ڈرونز کو روکا ہے۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اب تک اسرائیلی علاقے میں کسی ڈرون کے گرنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے جب کہ فضائی دفاعی نظام اور میزائل بحری جہاز ایران کی جانب سے خطرات کو روکنے اور ہٹانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
صہیونی فورسز کے دن بھر ایران میں حملےایرانی دارالحکومت تہران پر اسرائیلی فضائیہ نے اتوار کی دوپہر سے شام تک وسیع پیمانے پر حملے کیے ، ان حملوں میں شہری آبادیوں، پانی، سیوریج کے انفرااسٹرکچر، فوجی، آئل اور انرجی تنصیبات اور بیلسٹک میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اتوار کی سہ پہر ایرانی دارالحکومت تہران میں اسرائیلی فضائیہ نے وسیع پیمانے پر فضائی حملے کیے، یہ حملے تہران کے جوہری پروگرام اور فوجی صنعتوں کے خلاف اسرائیلی آپریشن کے تیسرے دن کیے گئے۔
اسی دوران تہران میں کار بم دھماکوں کی بھی اطلاعات ملیں، اور میڈیا رپورٹس کے مطابق چند مزید جوہری سائنسدانوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی اخبار نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے کہا کہ جنوبی شہر شیراز میں بھی ایرانی فوجی تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے