اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تحریک انصاف کو بھارت کی پراکسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں ملک اندرونی طور پر دیوالیہ ہوچکا تھا، ہم آج بھی پی ٹی آئی کی بچھائی بارودی سرنگیں ہٹارہے ہیں۔اسلام آباد میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے چارج سنبھالا تو لوگوں کا خیال تھا 4 سے 6 ہفتے کی بات ہے مگر وزیراعظم شہبازشریف نے دلیرانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی طور پر غیر مقبول اور معاشی طور پر ناگزیر اقدمامات کیے، ان اقدامات کے نتیجے میں حکومت نے سیاسی سرمایہ گنوایا مگر معیشت کو بحال کیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت میں پاکستان اندرونی طور پر دیوالیہ ہوگیا تھا، تباہ کن سیلاب سے معیشت کو اربوں ڈالر کو نقصان پہنچا، پی ٹی آئی دور مین صرف چور چور کے نعرے لگائے گئے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی معیشت میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی،پی ٹی آئی نے 4 سالوں میں کوئی بڑے منصوبہ شروع نہیں کیا، ہم آج بھی پی ٹی آئی دور کی بارودی سرنگیں صاف کر رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی والے بھارتی زبان بول رہے ہیں، ان کی پراکسی بن رہے ہیں، یکم اپریل 2022 کو وزارت خزانہ نے ترقیاتی بجٹ کی آخری قسط جاری کرنے سے انکار کیا تھا، ملکی تاریخ میں پہلی بار یہ سانحہ ہوا تھا۔احسن اقبال نے کہاکہ معاشی کارکردگی دکھانے کیلئے پی ٹی آئی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، پوری قوم ہماری معاشی کارکردگی دیکھ رہی ہے، ہم نے سیاست کے بجائے پاکستان کی معیشت کو بحال کیا، ہم نے سارا سال ڈیولپمنٹ بجٹ کی فنڈنگ کی۔