کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع سوراب میں جمعے کے روز دہشت گردی کا بڑا واقعہ پیش آیا جہاں درجنوں مسلح افراد نے اچانک حملہ کرتے ہوئے سرکاری دفاتر، بینکوں، پولیس اور لیویز تھانوں سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر:ریونیو: ہدایت بلیدی کی رہائشگاہ کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران اے ڈی سی ہدایت بلیدی نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر گاڑیوں کو روک کر چیکنگ بھی شروع کردی، جبکہ سوراب بازار میں بینک کو لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے متعدد سرکاری افسران کی رہائشگاہوں کو آگ لگا دی، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش ہے اور دشمن عناصر نے ہندوستانی پراکسیز کی ایما پر یہ کارروائی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ہدایت بلیدی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری اور قربانی کی نئی مثال قائم کی۔ حملے کے وقت اے ڈی سی کی رہائشگاہ پر خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔ترجمان نے کہا کہ ایف سی، پولیس اور لیویز اہلکاروں نے علاقے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور سرچ و کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ ریاست دشمن عناصر کی ہر سازش اور کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔