کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں حلقہ پی۔بی 44 کے رکن اورپیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما میر عبیداللہ خان گورگیج نے بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران اسمبلی چیمبر میں مختلف پارلیمانی و صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سے اہم ملاقاتیں کیں۔ جن میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری توانائی میر اصغر خان رند، رکن صوبائی اسمبلی میر کوہیّار خان ڈومکی سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔اس موقع پر میر عبیداللہ گورگیج نے اپنے حلقے اور بلوچستان بھر کے عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں، صحت، تعلیم، توانائی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ اور کہا۔کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے۔ تعلیم یافتہ، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سوچ اور وڑن کا مظہر ہے، جسے عملی جامہ پہنانے کے لیے ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ میر عبیداللہ گورگیج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ پی بی 44 کے عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے اپنے حلقے کے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، اور ان کی کوشش ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر شفاف طریقے سے روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر ابرار جعفر، میر خدائے نظر کبدانی اور دیگر معززین بھی موجود تھے جنہوں نے حلقے کی ترقی کے حوالے سے اپنے قیمتی مشورے اور تجاویز پیش کیں۔