لاہور:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام اور قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے۔صدرِ مملکت سے پیپلزپارٹی کے وفد نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں ملاقات کی۔ گورنر ہاؤ س میں ہونیوالی ملاقات میں گورنر پنجاب بھی شریک تھے، وفد میں پیپلزپارٹی پنجاب کے حسن مرتضی، شہزاد چیمہ،اسلم گل، ارشاد سیال اور دیگر شامل تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی اورمعاشی صورتحال، آئندہ بجٹ اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے صدرِ مملکت کو مختلف علاقوں کیعوامی مسائل سے بھی آگاہ کیا اور تجاویز بھی دیں۔صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام اور قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے۔ تمام جمہوری قوتیں ساتھ چلتی رہیں تاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہئے، عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر فرد اور مکتبہ فکر کو اپنا کردارادا کرنا ہو گا۔ نوجوانوں کو ملکی ترقی اورخوشحالی کیلئے آگے آنا چاہئے۔