ہفتہ, مئی 31, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںپاکستان کی جوہری صلاحیت خالصتا دفاعی نوعیت کی اور امن کی ضامن...

پاکستان کی جوہری صلاحیت خالصتا دفاعی نوعیت کی اور امن کی ضامن ہے، مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور سروسز چیفس کی بھی عوام کو مبارکباد

اسلام آباد،راولپنڈی:پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 برس مکمل ہو نے پر ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منا یا گیا اور قومی پرچم کے سائے تلے ایک بار پھر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے عزم کی تجدید کی گئی،ملک بھر میں عام تعطیل رہی،دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی سلامتی ،استحکام و خوشخالی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ وفاقی و صوبائی سطح پر جذبہ حب الوطنی سے سرشار تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور ر وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا گیا اور نوجوان نسل کو پاکستان کے اس عظیم کارنامے سے روشناس کرایا گیا ۔ چاغی کے مقام پر بھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں قومی پرچم کے سائے تلے ایک بار پھر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے عزم کی تجدید کی گئی۔علما ئے کرام نے پاکستان کی سربلندی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔علمائے کرام کا کہنا تھا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، آپ پاکستان زیادہ مضبوط اور مستحکم ہیں، آج پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہے۔
یوم تکبیرکی مناسبت سے نجی و سرکاری میڈیا پر بھی خصوصی پروگرام نشرکئے گئے۔یوم تکبیر 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، پاکستان نے اپنے دفاع کا حق منوایا، چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صدا دنیا نے سنی اور پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔ یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان دنیا کے سامنے پہلی اسلامی ایٹمی قوت بن کر ابھرا اور پاکستان نے ایٹمی تجربات کرکے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنادیا۔یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 27 برس مکمل ہونے پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے قوم کو مبارک باد پیش کی۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر پر قوم کو دلی مبار کباد پیش کرتا ہوں، آج کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، آج کے دن ہم نے تزویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم ملکی خو دمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم کرتے ہیں،
ایٹمی پروگرام سے منسلک سائنسدانوں، انجینئرز، سول اور فوجی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔صدر مملکت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایٹمی طاقت بننا محض ہماری تکنیکی ترقی کا مظہر نہیں تھا، ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بدلتی علاقائی سلامتی کی صورتحال میں ہماری جوہری طاقت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، ایٹمی قوت ہماری خود مختاری اور قومی سلامتی کو یقینی بناتی ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پاکستان پر امن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے، یومِ تکبیر پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے، پاکستان اس مرتبہ یوم تکبیر ایک اہم اور تاریخی موقع پر منا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں فتح یاب ہوا، بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہو کر نکلے ہیں، فتح مبین سے سرشار قوم کیلئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزیداضافہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی 1998 میں بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خود مختاری کو چیلنج کیا تھا، نوازشریف نے 6 دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس وقت نوازشریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی، نوازشریف اقتصادی پابندیوں، دبا،دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لائے، نوازشریف نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر بنا دیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صد ا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے، یہ ہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلا جواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے جوہری پروگرام کیلئے بے پناہ قربانیاں دینے پر قوم، سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا۔وزیراعظم نے افواج پاکستان، قومی اداروں اور ایٹمی پروگرام میں حصہ ڈالنے والے معماروں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوہری اثاثوں کی بھرپور حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد، آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے۔دریں اثنا یوم تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے عوام کو مبارکباد پیش کی گئی۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم تکبیر 1998 کے اس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر ابھرا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کرنے اور اپنے دفاع کے حق کو منوایا، پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت قومی امانت ہے، جو عوامی امنگوں کی عکاس ہے۔ یوم تکبیر ہمارے موثر اور کم از کم ڈیٹرنس کے نظریے کی توثیق کرتا ہے، قابلِ اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کا نظریہ خطے میں امن اور تزویراتی استحکام کے قیام پر مبنی ہے۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت خالصتا دفاعی نوعیت کی اور امن کی ضامن ہے، مسلح افواج ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جن کی بدولت یہ سنگِ میل حاصل ہو۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے