نوشکی:بلوچستان کے شہر نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔پولیس کے مطابق نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس سے وحید شہید ہو گیا مسلح افراد پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل اور کلاشنکوف بھی اپنے ساتھ لے گئے۔، شہید اہلکار کی نعش ہسپتال منتقل کر دی گئی، انسداد پولیو ٹیم کے دیگر ارکان محفوظ رہے دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملہ میں شہید اہلکار وحید کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا، فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔شاہد رند نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے، یہ حملہ قومی مہم سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے، تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی، بلوچستان حکومت پولیو ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کو مزید موثر بنائے گی۔