کوئٹہ:گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نوجوانوں کی فکری رہنمائی اور تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی مائنڈ سیٹ کا درست ادراک حاصل کرکے انہیں ملکی یکجہتی، تخلیقی صلاحیتوں اور حب الوطنی کی جانب مائل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سطح پر سیمینارز، کانفرنسز اور ہم نصابی سرگرمیوں کا نیا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان مثبت اثرات حاصل کر سکیں۔گورنر بلوچستان نے تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں "یوم تشکر” کے حوالے سے منعقدہ پروگراموں اور ریلیوں کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے حالیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں افواج پاکستان کی شاندار فتح کو مسلم ممالک کے لیے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں احساس ذمہ داری اور حب الوطنی کو پروان چڑھانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔گورنر نے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ وہ نوجوانوں کی مثبت ذہین سازی اور ملک و صوبے کے مفید شہری بنانے کے لیے تجاویز پیش کریں تاکہ قومی اہداف کے حصول میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے تعلیمی نصاب میں جدید مہارتوں اور مارکیٹ پر مبنی مضامین کو ترجیح دی جائے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے بتایا کہ بڑی عید کے فورا بعد تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی ایک کانفرنس گورنر ہاس میں منعقد کی جائے گی جس میں تعلیمی، مالی اور دیگر مسائل پر تفصیلی بات چیت کے بعد ایک نیا مستقبل کا روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔