دالبندین: دالبندین میں آوارہ کتوں کی بھرمار، معصوم بچی زخمی شہریوں میں تشویش کی لہر دالبندین کے مختلف علاقوں خصوصا کلی ملک محمد عمر ریکی، فیصل کالونی اور بلوچی اسٹریٹ میں آوارہ کتوں کی بھرمار شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ گزشتہ روز کلی ملک محمد عمر ریکی میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران آوارہ کتے نے محمد یونس ریکی کی معصوم بچی پر حملہ کر دیا، جس سے بچی زخمی ہو گئی۔ موقع پر موجود ایک شہری نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بچی کی جان بچائی۔علاقہ مکینوں کے مطابق گلیوں اور محلوں میں آوارہ کتوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، جبکہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ چند ہفتہ قبل بھی کتوں کی بڑھتی ہوئی افزائش پر میڈیا میں خبریں چلائی تھی اس وقت فیصل کالونی، بلوچی اسٹریٹ اور دیگر علاقوں میں بھی یہی صورتحال درپیش ہے، جس پر عوامی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے شہریوں نے اعلی حکام اور میونسپل انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ دالبندین کے تمام علاقوں میں فوری طور پر آپریشن کرکے آوارہ کتوں کو تلف کیا جائے تاکہ شہریوں خصوصا بچوں کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔