کوئٹہ:بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے پر منیر مینگل چوک سریاب روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ علی مدد جتک حملے میں محفوظ رہے تاہم ان کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ڈی ایس پی سریاب آصف غفور کے مطابق حملے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر بی ایم سی اور سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔منیر مینگل روڈ دھماکے کے زخمیوں میں سے قربان علی ولد رحیم علی،عبدالرزاق ولد خدایے بخش،محمد عاصم ولد محمد اسماعیل،محمد عمر ولد داد، محمدعبدالمنان ولد عبدالغفار،سید نقیب اللہ ولد سید عبدالمنان،عمران ولد سکندر،محمد ساجد ولد نعمت،مہر اللہ اور ایک نامعلوم شخص اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں شہید ہونے والے شخص کی شناخت محبوب علی ولد محمد اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔