کوئٹہ:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کرنے والی کم عمر اور باصلاحیت افسر، اسسٹنٹ کمشنر کشش چوہدری کی شاندار کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔ کشش چوہدری کا تعلق بلوچستان کے پسماندہ ضلع نوشکی سے ہے اور ان کی کامیابی پورے بلوچستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔وزیر اعلی نے اس ملاقات کے دوران کہا کہ کشش چوہدری کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نوجوانوں کو مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلی بلوچستان نے حکومت بلوچستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی رہنمائی اور انہیں مواقع فراہم کرنے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشش چوہدری نے اپنی محنت، لگن اور استقامت سے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ وہ اقلیتی برادری کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی ایک مشعلِ راہ بن گئی ہیں۔ حکومت بلوچستان اقلیتوں کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔وزیر اعلی نے کشش چوہدری کی کامیابی پر ان کے والد گرداری لعل کے ہمراہ سرٹیفکیٹ بھی دیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی میر محمد عثمان بادینی، میر غلام دستگیر بادینی، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار، اور اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی روی کمار بھی موجود تھے جنہوں نے کشش چوہدری کی کامیابی کو بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید قرار دیا۔