کوئٹہ:صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے بھارت کے خلاف پاک فوج کی شاندار عسکری کامیابی اور آپریشن بینان مرصوص کی کامیابی پر افواجِ پاکستان، خصوصا چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہصرف ایک فوجی آپریشن کی جیت ہے بلکہ پاکستان کی تکنیکی، انٹیلی جنس اور اسٹریٹیجک صلاحیتوں کا واضح ثبوت بھی ہے۔سردار کھتیران نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے جس مہارت اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ آپریشن بینان مرصوص میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا گیا، جس میں ہدف کے تعین، سائبر انٹیلی جنس، ریئل ٹائم سرویلنس اور الیکٹرانک وارفیئر کی مہارت شامل تھی۔ اس نے دشمن کے تمام خفیہ اور کھلے منصوبے ناکام بنا دیے۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو پاکستان کے حق میں مزید مستحکم کر دیا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر اپنے دفاع کے لیے تیار اور مکمل طور پر اہل ہے۔ سردار کھتیران نے مزید کہا کہ یہ فتح پوری قوم کے لیے فخر کا مقام ہے، اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اپنی افواج پر اعتماد رکھے اور ان کی کامیابیوں کا جشن منائے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر مشکل وقت میں ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔