بدھ, جون 25, 2025
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںعوام پاکستان پارٹی بلوچستان کا پاک بھارت جنگ بندی کا خیرمقدم، خطے...

عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کا پاک بھارت جنگ بندی کا خیرمقدم، خطے میں امن کی ضرورت پر زور

کوئٹہ:عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول(ایل او سی)پر جنگ بندی کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے اور اسے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔پروفیسر حلیم صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور سرحدی جھڑپوں نے ہزاروں معصوم جانوں کو متاثر کیا اور قیمتی وسائل کو ضائع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی جیسے اقدامات امن اور خوشحالی کی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں، بشرطیکہ اس کے ساتھ سنجیدہ اور مسلسل سفارتی مکالمہ شروع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا دنیا کا وہ خطہ ہے جہاں تعلیم، صحت، پانی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل لاکھوں افراد کی زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں، اور ایٹمی طاقتوں کا جنگی ماحول میں رہنا پوری دنیا کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔پروفیسر حلیم صادق نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان اور بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ اس جنگ بندی کو عارضی نہ رکھیں بلکہ دونوں ممالک کے مسائل کے حل کے لیے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر جیسے حساس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن ممکن نہیں۔عوام پاکستان پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری نے عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ اور خطے کی دیگر ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ ثالثی کا کردار ادا کریں اور دونوں ممالک کو مستقل سفارتی تعلقات بحال کرنے، ویزا سہولت میں نرمی، ثقافتی و تجارتی روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہمیشہ امن، ترقی، باہمی احترام اور خطے کے عوام کے بنیادی حقوق کی حامی رہی ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ بندوق اور بارود کا راستہ تباہی کی طرف لے جائے گا، جبکہ مذاکرات، بھائی چارہ اور تعاون کا راستہ ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے