کوہلو:بھارت کی جانب سے بلااشتعال حملے کے خلاف اہلیانِ کوہلو کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت وائس چیئرمین مونسپل کمیٹی میرغازی خان مری اور قبائلی رہنما وڈیرہ رب نواز ژنگ نے کی۔ ریلی مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی ختم نبوت چوک میں جلسے کی صورت اختیار کر گئی، جہاں شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین میں قبائلی عمائدین، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے بھارت کے جارحانہ اقدامات کو پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی نے دونوں ایٹمی طاقتوں کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کی بلااشتعال جنگی کارروائی اور اسٹینڈ آف ہتھیاروں کا استعمال پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پاکستان نے بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی اور اپنے موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدوں کا بھرپور دفاع کرے گا۔