اورماڑہ:مکران کوسٹل ہائی وے پر رسملان کے قریب شم کے مقام پر ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں کراچی سے تربت جانے والی ایک مسافر کوچ الٹ گئی اور 29 افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جاوید کوچ کا ڈرائیور کراچی سے گوادر کی طرف جانے والی الشعیب کوچ کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حادثے کے فوری بعد کنڈملیر کے دورے پر موجود ڈائریکٹر جنرل فشریز بلوچستان قائم علی لاشاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ عبد الرزاق بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ الہی داد بلوچ اور دیگر فشریز افسران فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے۔ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 14 زخمیوں کو ریسکیو کیا جن میں 6 خواتین اور 3 بچے شامل تھے۔ ان تمام زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ کے درمان جاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب رسملان میں موجود ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کی امدادی ٹیمیں بھی اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 15 زخمیوں کو ریسکیو کیا جن میں 6 بچے اور 4 خواتین شامل تھیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں کچھ شدید زخمیوں کو ریسکیو ایمبولینسوں کی مدد سے مزید علاج اور بحالی کے لیے اورماڑہ میں واقع پاکستان نیوی ہسپتال درمان جاہ منتقل کر دیا گیا جبکہ کچھ دیگر زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اوتھل روانہ کر دیا گیا۔ اس افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 29 بتائی جا رہی ہے۔