دالبندین:بی ایچ سی آئی پی کے تحت ضلع چاغی میں 88 نئے اساتذہ کی بھرتی، آرڈرز کی تقسیم پر امیدواروں میں خوشی کی لہر محکمہ تعلیم ضلع چاغی اور بی ایچ سی آئی پی (BHCIP) کے تحت نئے بھرتی ہونے والے 88 اساتذہ میں تقرری کے آرڈرز تقسیم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمپلیکس دالبندین میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او)چاغی اشوک کمار راجپوت نے کی۔تقریب میں BHCIP کی جانب سے ضلع چاغی میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کو ان کے آرڈرز دیے گئے۔ اس موقع پر ڈی ای او چاغی اشوک کمار راجپوت، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صدر الدین عینی، ڈی ڈی او ای دالبندین شیر آغا سنجرانی، ڈی ڈی او ای نوکنڈی حاجی دین جان مینگل، ای ڈی آئی حاجی عبداللہ ریکی، فوکل پرسن وسیم سنجرانی، کسان ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چاغی میر نبی بخش سنجرانی نے نئے اساتذہ میں آرڈرز تقسیم کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ای او اشوک کمار راجپوت نے کہا کہ BHCIP کی جانب سے ضلع چاغی میں 88 اساتذہ کی بھرتی ایک مثبت قدم ہے۔
اس سے نہ صرف بند اسکولز کو دوبارہ کھولنے میں مدد ملے گی بلکہ ضلع میں تعلیمی معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تقرریاں خالصتا میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہیں اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ محکمہ تعلیم میں میرٹ کو اولین ترجیح حاصل ہے۔انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن اور خلوص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور ضلع کے تعلیمی شعبے کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈی ای او نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس اساتذہ اور طلبا کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔عوامی و سماجی حلقوں نے بھی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اشوک کمار راجپوت اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علاقے میں تعلیمی ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔دریں اثنا، نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ نے تقرری آرڈرز ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چاغی اور BHCIP کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔