منگل, اپریل 29, 2025
ہومپاکستانبھارت نے حملہ کیا تو کھلی جنگ ہوگی، وزیر دفاع کا عالمی...

بھارت نے حملہ کیا تو کھلی جنگ ہوگی، وزیر دفاع کا عالمی برداری کو انتباہ

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے عالمی برداری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت نے حملہ کیاتو کھلی جنگ ہوگی، دنیا کو جوہری ہتھیار رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان مکمل جنگ کے امکان کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیے۔برطانوی ٹی وی اسکائی نیوز کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کاالزام مسترد کرتے ہوئے حملے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیدیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کو جوہری ہتھیار رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان مکمل جنگ کے امکان کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیے تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ تنازع مذاکرات کے ذریعے حل ہو جائے گا۔مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کو مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک ہو گئے تھے جس کا الزام نئی دہلی کی حکومت نے پاکستان پر عائد کیاتھاتاہم خواجہ آصف نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دے دیا، انہوں نے متنبہ کیا کہ پاکستانی فوج دونوں جانب سے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سفارتی اقدامات کے درمیان کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جس انداز میں پہل کرے گا، اسی انداز میں نپا تلا جواب دیا جائے گا، اگر کوئی حملہ یا ایسا کچھ ہوتا ہے تو ظاہر ہے کہ کھلی جنگ ہو گی۔اس سوال پر کہ کیا دنیا کو فکر مند ہونا چاہیے؟ وزیر دفاع نے کہا کہ ہاں مجھے ایسا ہی لگتا ہے، دو جوہری طاقتوں کے درمیان تصادم ہمیشہ تشویش ناک ہوتا ہے، اگر چیزیں غلط ہوتی ہیں تو اس تصادم کا المناک نتیجہ نکل سکتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس حملے کے ذمہ داروں کے خلاف ’زمین کے آخری کونے تک‘ کارروائی کریں گے تاہم جب خواجہ آصف سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس حملے کے لیے بھارت کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں تو انہوں نے نے جواب دیا کہ ’ہاں، ہاں، ہاں، بالکل، یقیناً وہ ایسے حالات پیدا کرتے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ابھرتے ہوئے بحران کو حل کرنے میں مدد کرنی چاہیے، خواجہ آصف نے کہا کہ ’یقینی طور پر وہ واحد عالمی طاقت کے سربراہ ہیں اور وہ دنیا بھر میں مختلف فلیش پوائنٹس پر مختلف جماعتوں سے بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک فلیش پوائنٹ بھی ہے جس کے دونوں فریق جوہری طاقت ہیں اور آپس میں تناؤ رکھتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اس صورتحال میں اگر عالمی طاقت مداخلت کر سکتی ہے اور اس صورت حال میں کسی قسم کی بہتری لاسکتی ہے تو یہ اچھا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بصورت دیگر اگر بھارت کی جانب سے کوئی پہل کی گئی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے، ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہوگا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے