پنجگور:بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل 27 اپریل کو پنجگور میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ یہ جلسہ بی وائی سی کے رہنماں کی عدم رہائی اور بلوچ ننگ و ناموس کے تحفظ کے سلسلے میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور عوامی رابطہ مہم زور و شور سے جاری ہے۔بی این پی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری میر نذیر احمد بلوچ، ضلعی صدر حاجی عبدالغفار شمے زئی، ضلعی جنرل سیکریٹری قدیر بلوچ، میر نظام بلوچ و دیگر نے شہر و بازار میں پمفلیٹس تقسیم کر کے عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔
تاریخی جلسہ پنجگور کے ماڈل ہائی اسکول تار فیس چتکان گرانڈ میں منعقد ہوگا۔ میر نذیر بلوچ نے کہا کہ یہ صرف سیاسی جلسہ نہیں بلکہ بلوچ ننگ و ناموس کے تحفظ کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم نے ہمیشہ عورت کو عزت دی ہے مگر آج حکمران خواتین کی تذلیل اور نوجوانوں کی گمشدگی جیسے سنگین مسائل پر خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل نے سر پر کفن باندھ کر جدوجہد شروع کی ہے اور بلوچ عوام کو متحد ہو کر دشمنوں کو پیغام دینا ہے کہ بلوچستان کی جانب میلی نگاہ ڈالنے والوں کو ناکامی ہوگی۔بی این پی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 27 اپریل کو اپنے محبوب قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے گھروں سے نکلیں اور تاریخی جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔