اورماڑہ: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل اورماڑہ پہنچے جہاں اورماڑہ زیرو پوائنٹ پر پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش اور پروقار استقبال کیا۔ سردار اختر مینگل نے یہاں مختصر قیام کے دوران مقامی رہنماں اور کارکنان سے موجودہ سیاسی صورتحال اور 25 اپریل کو گوادر میں منعقد ہونے والے بلوچ ننگ و ناموس احتجاجی جلسہ عام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کارکنان سے جلسہ عام کی تیاریوں اور شرکت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور اسے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ بعد ازاں سردار اختر مینگل گوادر جلسہ عام میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے۔ ان کا یہ مختصر قیام گوادر میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس دوران سابقہ ایم پی اے ثنا بلوچ، حاجی عبد الباسط، نور بخش ڈگارزئی سمیت بلوچستان نیشنل پارٹی کے دیگر سینئر سیاسی رہنما بھی سردار اختر مینگل کے ہمراہ تھے۔