کوئٹہ:رکن بلوچستان اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما ” میر عبید گورگیج ” نے کہا ہے. کہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہماری جماعت کا بنیادی منشور ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام، اور محروم طبقات کی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ آج بلوچستان کے عوام خود دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں، اور ہر طرف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا۔کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان تیزی سے ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، اور روزگار جیسے اہم شعبوں میں جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ نہ صرف قابلِ ستائش ہیں بلکہ ماضی کی محرومیوں کا ازالہ بھی ہیں۔ میر عبید گورگیج نے صدرِ پاکستان اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی بصیرت اور عوامی جذبات سے وابستگی ہمیشہ سے پارٹی کی رہنمائی کا ذریعہ رہی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کے عوام کو ہمیشہ اہمیت دی، اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جدوجہد کی۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو نوجوان نسل کی امید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی متحرک قیادت اور وژن نے پارٹی کو ایک نئی جہت دی ہے۔ بلاول بھٹو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مقدمہ جرات مندی سے لڑ رہے ہیں، اور وہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کی آواز بن چکے ہیں۔ انھوں نے کہا۔ کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے، اور ہم بلوچستان کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمارا خواب ایک خوشحال، تعلیم یافتہ، اور پرامن بلوچستان ہے اور اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں۔