کوئٹہ:آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)بلوچستان کی صوبائی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین وسیم احمد کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اخباری صنعت کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں تمام اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ ڈی جی پی آر کے اشتہارات کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے اور گزشتہ 6 ماہ سے اخبارات کو واجب الادا بلز فوری طور پر ادا کیے جائیں۔اراکین نے پیپرابی پیچ ارواز کے اشتہارات کے نفاذ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام کرپشن کو فروغ دے گا اور اخباری صنعت کے لیے نقصان دہ ہوگا، جس سے بیروزگاری میں اضافے کا خدشہ ہے۔اجلاس میں اخبارات کے دفاتر کی سیکیورٹی کو بھی اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دفاتر کو سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ عملہ خود کو محفوظ محسوس کرے۔اس موقع پر سرمد علی صدر اے پی این ایس اور چیئرمین صوبائی کمیٹی وسیم احمد کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اسلام آباد میں بلوچستان کے اخبارات کی بھرپور نمائندگی کی۔اجلاس میں ریاض الحسن قاضی (روزنامہ جنگ)، انور ناصر (بلوچستان نیوز)، طارق بلوچ(بلوچستان ایکسپریس)، ظفر بلوچ (پبلک کوئٹہ)، اور کلیم صادق (شمال)سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔