جمعرات, جون 26, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںپوپ فرانسس نے خدمتِ انسانیت کا پیغام عام کیا، یوسف رضاگیلانی

پوپ فرانسس نے خدمتِ انسانیت کا پیغام عام کیا، یوسف رضاگیلانی

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہبازشریف،وزیر داخلہ محسن نقوی،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی پوپ کے بین المذاہب ہم آہنگی، ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پیر کو ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پوپ فرانسس کے انتقال پر حکومت ِپاکستان اور عوام کی جانب سے ویٹیکن اور پوری کیتھولک کمیونٹی سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کو دنیا بھر میں امن، سماجی انصاف، بین المذاہب مکالمے اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کی کاوشوں کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوپ فرانسس امن اور انصاف کی ایک توانا آواز تھے، پوپ فرانسس نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی کمیونٹیز کو جوڑنے کیلئے کاوشیں کیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کیلئے پوپ فرانسس کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کا انتقال نہ صرف مسیحیوں بلکہ مذاہب کے درمیان امن اور مکالمے کی قدر کرنے والوں کے لئیایک عظیم نقصان ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب، امن و سلامتی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن، اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے، ان کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا، پوپ فرانسس کا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لئے، بلکہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوپ فرانسس کا گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا بیان ان کی پرامن و انسانیت کی محبت سے بھرپور شخصیت کی عکاسی ہے۔ پوپ فرانسس کی وفات پوری دنیا بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ویٹی کن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پوپ فرانسس ایک مدبر، انسان دوست اور بین المذاہب مکالمے کے داعی رہنما تھے جنہوں نے اپنے دورِ قیادت میں دنیا بھر میں امن، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا پیغام عام کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاپ فرانسس نے دنیا کو نفرت، تقسیم اور تشدد کے بجائے محبت، برداشت اور اخوت کا راستہ اپنانے کی تلقین کی۔
ان کا انداز قیادت عاجزی، سادگی اور خدمت پر مبنی تھا، جو دنیا بھر کے عوام کے دلوں میں گھر کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پوپ فرانسس کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی وفات مسیحی برادری کے لئے ایک عظیم نقصان ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ویٹیکن، مسیحی برادری اور بالخصوص پاکستان میں مسیحی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نیپوپ فرانسس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اوران کے خاندان اور کیتھولک مسیحی برادری سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے نمایاں کردار ادا کیا۔ دنیا میں قیام امن کیلئے پوپ فرانسس کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین ایشو پر پوپ فرانسس کے اصولی موقف کو اقوام عالم میں سراہا گیا۔ پوپ فرانسس کے انتقال سے دنیا ایک مخلص اور امن کی داعی شخصیت سے محروم ہو کئی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نیپوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کے انتقال کا سن کر دلی افسوس ہوا۔انہوں نے آنجہانی پوپ کے بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوپ فرانسس نے انسانیت، رواداری اور محبت کا پیغام عام کیا۔پوپ فرانسس کا انتقال نہ صرف مسیحی برادری بلکہ دنیا بھر میں امن اور مکالمے کی قدر کرنے والوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔پوپ فرانسس کی امن اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ کے لئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔پوپ فرانسس نے انسانیت، رواداری اور محبت کا پیغام عام کیا۔فلسطین پر پوپ کے اصولی موقف کو عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کیتھولک مسیحی برادری سے تعزیت کا اظہار کیا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے