اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو سعودی سفارتخانے آمد پر سعودی عرب کے سفیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی عرب کے اعلی سطح کے وفد کی شرکت پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لئے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، سعودی شہریوں کے لئے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں جب چاہیں آئیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے منشیات کیس میں ملوث بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے بھر پور تعاون پر بھی سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ بے گناہ خاندان کی رہائی و وطن واپسی کے لیے سعودی عرب نے بہت ساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب حکومت کے تعاون کی بدولت ہی خاندان کے 5 افراد کو رہائی ملی اور وطن واپس آئے۔ سعودی سفیر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔ مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔