اسلام آباد:صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے افکار، فلسفہ، اور شاعری ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہمیں اپنی انفرادی و قومی زندگی میں پیغامِ اقبال پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔علامہ اقبال کے یومِ وفات 21 اپریل 2025ء کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ہم شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؓکا یومِ وفات عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں، ہم ان کی سیاسی اور فکری خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، علامہ اقبال کے افکار، فلسفہ، اور شاعری ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہمیں اپنی انفرادی و قومی زندگی میں پیغامِ اقبال پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال محض ایک شاعر نہ تھے، بلکہ وہ ایک مفکر اور مصلح بھی تھے جنہوں نے ملتِ اسلامیہ کے زوال کا درد محسوس کیا اور امت کو بیدار کرنے کے لیے اپنے افکار و اشعار کو ذریعہ بنایا، ان کی شاعری خودی، اجتہاد، عشق حقیقی، حریتِ فکر، اور ملت کی نشاۃِ ثانیہ جیسے تصورات پر محیط ہے۔ اقبال کے نزدیک، امتِ مسلمہ کی نجات صرف سیاسی آزادی میں نہیں، بلکہ فکری و روحانی بیداری میں مضمر ہے۔
اْنہوں نے مسلمانوں کو علم، بصیرت، خوداعتمادی اور دینِ حق کے اصل پیغام کی طرف بلایا۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال کا کردار صرف فکر و شعر تک محدود نہ رہا۔ اْنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی سمت کے تعین میں بھی بنیادی کردار ادا کیا، وہ آل انڈیا مسلم لیگ کے فعال رہنما رہے، اور 1930 کے خطبہ الہٰ آباد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کا تصور پیش کیا۔ ان کی سیاسی سوچ مسلمانوں کی جداگانہ شناخت کی عکاس تھی۔انہوں نے کہاکہ آج جب ہمیں مختلف سماجی، معاشی اور فکری چیلنجز درپیش ہیں، ہمیں اقبال کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آئیے، ہم اس بات کا عہد کریں کہ ہم علامہ اقبال کی تعلیمات اور فکر پر عمل پیرا ہوں گے اور پاکستان کو ایک ایسا ملک بنائیں گے جہاں تمام شہریوں کو آزادی، سماجی و معاشی انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھنے، اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین!