کوئٹہ:ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹر انعام الحق نے کہا ہے بلوچستان بھر میں پولیو کی سات روزہ مہم (آج)پیرسے شروع ہو گی مہم کے دوران26لاکھ60ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی یہ مہم بلوچستان بھر میں شروع کی جارہی ہے مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیو کیس اور ماحولیات میں وائرس کی موجودگی کی وجہ سے والدین خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاو کو قطرے ضرور پلائیں اور اس مہم میں پولیو ٹیم کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں اگر والدین بچوں کو قطرے نہیں پلائیں گے
تو وائرس بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور کر سکتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں پانچ سال سے کم عمر کے اپنے تمام بچوں کو پولیوکے قطرے ضرور پلائیں اور حفاظتی ٹیکہ جات بھی ضرور لگوائیں۔ اگر کوئی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے بچ جائے تو والدین فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، اساتذہ اور علمائکرام خصوصی طور پر اس مہم میں اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔انعام الحق نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران11 ہزار610کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 9ہزار128 موبائل ٹیمیں،976فکسڈسائٹ او ر586ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔