بدھ, اپریل 30, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںمسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا،...

مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا، سیکورٹی کے سخت انتظامات

اسلام آباد:پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے اتوار کوایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا۔ طلوع آفتاب سے قبل مو م بتیاں روشن کرکے جلوس نکالے گئے، گرجاگھروں میں ایسٹرکی عبادات کی گئیں، جن میں ملک و قوم کے استحکام اور امن و بھائی چارے کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ ایسٹر کے موقع پرگرجا گھروں کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغامات جاری کئے، مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے مثبت کردار کو لائق تحسین قرار دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا وہ مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت ہے، مسیحی برادری نے ہمیشہ ملکی ترقی میں نمایاں کرداراداکیا، صدر مملکت نے اقلیتوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلیے کام کرتے رہنے کا عزم ظاہرکیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیات طیبہ اور تعلیمات کی یاددلاتاہے، رحمت، انکساری اور محبت آج بھی انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مسیحی پر امن، خوشحال اور متحد پاکستان کی تشکیل میں فعال کردار جاری رکھیں گے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ایسٹر امید کی علامت ہے اور خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے، ایسٹر انسانی زندگی میں بھلائی اور صالح اوصاف کی طرف مائل ہونے کے جذبے کا مظہر ہے، ایسٹر مسیحی برادری کے لیے انعام ہے اور یہ مذہبی تہوار محبت و بھائی چارے کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات انسانیت، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں، محسن نقوی نے کہا مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز سے مسیحی برادری کی محبت شک و شبہ سے بالاتر ہے، ہمیں بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کرنے کا عہد کرناہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا مسیحی بہن بھائیوں کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں، ایسٹر کا تہوار خوشی اور امید کا استعارہ ہے، ایسٹر سمیت ہر تہوار میں محبت و بھائی چارے کا پیغام پوشیدہ ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے