کوئٹہ:بلوچستان میں شاہراہوں پر طبی امداد فراہم کرنے والے ادارے مرک 1122 کی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں پیش آنے والے تقریبا ہر دوسرے حادثے کا مرکز این-25 قومی شاہراہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس شاہراہ پر روزانہ اوسطا 30 اور ماہانہ 900 سے زائد حادثات رپورٹ ہوتے ہیں۔سال 2024 کے دوران این-25 پر مجموعی طور پر 10,990 حادثات پیش آئے، جن میں 213 افراد جاں بحق اور 15,154 زخمی ہوئے۔ یہ تعداد صوبے بھر میں رپورٹ ہونے والے تمام حادثات کا 47 فیصد اور مجموعی اموات کا نصف بنتی ہے۔ماہرین نے اس خطرناک صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔