کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن صوبائی اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حاصل ہونے والے مالی فوائد کے بلوچستان میں این 25شاہراہ، کچھی کینال فیز IIمنصوبوں پر استعمال کے صوبے کی ترقی و خوشحالی پر دور رس نتائج مرتب ہونگے، وفاقی حکومت کے فیصلے سے بلوچستان کے عوام کا وفاق پر اعتماد مزید بحال اور مضبوط ہوگا، صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں میگا منصوبے شامل کئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو دو رویہ کیا جائے لیکن اس منصوبے کے لئے جو فنڈز مختص تھے اس سے شاہراہ طویل مدت میں مکمل ہوتی لیکن وفاقی حکومت نے احسن اور بلوچستان دوست فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق نہ کر کے حاصل ہونے والے مالی فوائد کو اس منصوبے کے لئے مختص کیا ہے جس سے منصوبہ دو سال کی قلیل مدت میں مکمل ہو پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان دیگر صوبوں سے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے اسے دیگر صوبوں کے برابر لانے اور عوام کے اعتماد کو بحال و احساس محرومی کے خاتمے کے لئے ایسے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ وفاقی حکومت آنے والے بجٹ میں بھی بلوچستان کے لئے خطیر رقم مختص کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال فیز IIمنصوبے کو ترجیحی بنیادوں کو مکمل کرنے سے صوبے کے زراعت کے شعبے میں بھی انقلاب پربا ہوگا اس منصوبے سے بلوچستان کے زمینداروں کو روزگار میسر آئے گا اور وہ بہتر انداز میں زمینوں کو سیراب کر سکیں گے۔ مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی رہنماؤں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کی سربراہی میں وفاقی حکومت نے بلوچستان کے لئے جن اقدامات کا آغاز کیا ہے ان سے صوبے میں ترقی وخوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا ساتھ ہی بلوچستان میں منفی سرگرمیوں کے خاتمے میں مدد ملے گی۔