اسلام آباد:پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ڑی ڈونگ نے کہا ہے کہ سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کا ایک ابتدائی اور اہم منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت 25.4 ارب ڈالرز کی براہ راست سرمایہ کاری ہو چکی ہے، سی پیک خوش حال مستقبل کی ضمانت ہے۔چینی سفیر جیانگ ڑی ڈونگ نے زرعی اسکالر شپ پروگرام سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات درست سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے چند ماہ بعد چین کا کامیاب دورہ کیا، انہوں نے اپنے دورے میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی اور مختلف امور پر اتفاق رائے پایا گیا۔جیانگ ڑی ڈونگ نے کہاکہ صدر شی جن پنگ ہمسایہ ممالک سے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، انہوں نے 2013ء میں ہمسایہ ممالک سے سفارتی پالیسی کا بنیادی اصول پیش کیا۔چینی سفیرنے کہاکہ ہمسایہ ممالک سے سفارتی پالیسی کا مقصد دوستانہ اور شراکت دارانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے، ہمارا مقصد خوش گوار، محفوظ و خوش حال ہمسائیگی کے اصولوں کو برقرار رکھنا ہے، چین خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرے گا۔