کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی مد رقم کو بلوچستان پر خرچ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی دو رویہ تعمیر سے صوبے کا دیرینہ مسئلہ حل اور سینکڑوں مسافروں کی زندگیاں محفوظ ہوں گی، بلوچستان کے عوام کی جانب سے این 25 کی بحالی کے منصوبے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں اعلان کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب اہم شاہراہ N- 25 چمن، کوئٹہ تا کراچی شاہراہ کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائیگا تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی شاہراہ کی بحالی موٹر وے کے معیار پر کی جائے۔ مزید برآں اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کرنے میں استعمال ہو گی جس سے صوبہ بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ اعلان بلوچستان کے عوام کیلئے امید کی کرن ہے جہاں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی تعمیر سے خونی شاہراہ خوشحال سڑک میں تبدیل ہوگی یہ بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کو پورا کرنے سے ہر بلوچستانی وزیر اعظم کا احسان مند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس شاہراہوں پر ہزاروں لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے لیکن سڑک دو رویہ ہونے سے ہزاروں جانیں محفوظ ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ این25 قومی شاہراہ پر سالانہ 5 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات سینکڑوں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن اس شاہراہ کی دو رویہ ہونے سے سفر محفوظ ہوگا۔