کوئٹہ:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس دلخراش واقعے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کیا جائے گا وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری اور مو ثر طبی سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ صحت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ کو طبی عمل کی براہ راست نگرانی کی ذمہ داری سونپی وزیر اعلی نے واضح کیا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ناقابل برداشت ہوگی انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کوئٹہ کے تمام بڑے ہسپتال، بالخصوص بولان میڈیکل کالج اسپتال اور سول ہسپتال، الرٹ رہیں اور ایمرجنسی خدمات میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر بلوچستان کے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اپنی تمام تر توانائیاں صوبے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے بروئے کار لا رہی ہے اور ایسے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔