کوئٹہ:بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کھنڈ محسوری کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے میں 3اہلکار شہید اور 16 ازخمی ہوگئے۔ ڈی ایس پی مستونگ میر محمد یونس مگسی کے مطابق منگل کی صج کو قلات سے آئے ہمارے جوان مستونگ کے قریب پی این پی کے جاری دھرنے کے مقام پرڈیوٹی پر جارہے تھے کہ اچانک مستونگ دشت روڈ پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3اہلکار شہید گئے۔زخمی اہلکاروں میں ممتاز اسلم، دل وش،محمد حیات، عدنان احمد، قدیر احمد، اللہ داد، علی محمد، عبدالصمد، عادل علی، محمد سیلم،قربان علی، عبدالمالک، ریاض احمد، ظہور، نثاراحمد، عبدالغیاث، اور ممتاز شامل ہیں۔پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جائے وقوع پر پہنچ کر شہید اہلکاروں اور زخمیوں کو فور ی طور پر مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں سے زخمیوں کو مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دھماکے کے فوری بعد کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں سکیورٹی اقدامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔