بدھ, اپریل 30, 2025
ہومبلوچستانوطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں‘شہباز...

وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں‘شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے پاکستان کی خود مختاری اور استحکام کی بڑی بہادری سے حفاظت کرنے میں مصروف عمل ہیں، ملک کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں،ہماری قوم مضبوط، متحد اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے،افراط زر شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کیساتھ ہم نے معیشت کو مضبوط کیا،اب وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔یوم پاکستان پر جاری بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جب پچاسی سال قبل اسی دن برصغیر پاک و ہند کی بصیرت افروز مسلم قیادت ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھنے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ متحد ہوئی۔ قائداعظم محمد علی جناح کی متاثر کن قیادت سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے، انہوں نے ایک ایسی ریاست کا تصور پیش کیا جہاں مسلمان وقار، آزادی اور عزت نفس کے ساتھ رہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ 1940کے اس تاریخی دن قراردادِ لاہور نے اس نظریے کی سمت کو مستحکم اور مسلمانوں کے عزم کو مضبوط کیا۔ اس کے فقط سات سال بعد 14 اگست 1947 کو پاکستان ایک آزاد ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا جو ہمارے آبا اجداد کے غیر متزلزل جذبے، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ معرض وجود میں آنے کے بعد اپنی کئی دہائیوں پر مبنی اپنی تاریخ کے دوران پاکستان نے غیر معمولی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے، ایک ابھرتی ہوئی قوم سے جوہری طاقت تک، ہمارا سفر استقامت اور مضبوط عزم سے طے ہوا ہے۔
مگر ابھی ہمارا سفر ختم نہیں ہوا، ہمیں ابھی اس ملک کو مزید ترقی کی بلندیوں پر لے کر جانا ہے. پاکستان کو بابائے قوم محمد علی جناح کے تصور کردہ قوم میں تبدیل کرنے کے لیے ثابت قدمی، انتھک محنت اور ایک اجتماعی وژن کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جو جراتمندانہ اصلاحات، دانشمندانہ پالیسیوں اور پاکستانی غیور عوام کی ہمت و حوصلے کے ذریعے ممکن ہوا۔ افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، اور اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے ساتھ، ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط کیا اور اب وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں،عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں بھی اس تبدیلی کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی افسران و اہلکار پاکستان کی خودمختاری اور استحکام کی بڑی بہادری سے حفاظت کرنے میں مصروف عمل ہیں، آج کے دن ہم اپنے ان شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں نچھاور کیں، قربانی کے جذبے کو مجسم بنا کر اس بات کو یقینی بنایا کہ ہماری قوم مضبوط، متحد اور کسی بھی چیلنج کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس یوم پاکستان رمضان المبارک میں آیاہے، یہ مہینہ روحانیت، نظم و ضبط اور ایمان کے عہد کی تجدید کا مہینہ ہے۔ یہ مبارک مہینہ ہمارے اجتماعی ارادے کو تقویت دیتا ہے اور قربانی اور استقامت کی قدروں کی ایک طاقتور یاد دہانی کا کام کرتا ہے یہ وہ دیرنہ اصول ہیں جو ہماری قوم کی اساس ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کی جانب سے ہماری قوم کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا گیا ہے اور درست پالیسیوں، نیک نیتی سے کی گئی کوششوں اور قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں، سماجی انصاف کو برقرار رکھ سکتے ہیں اور دنیا کی اقوام میں اپنا وہ مقام حاصل کر سکتے ہیں جس کا خواب پاکستان کے بانیوں نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا یقین محکم ہے کہ نہ تو کوئی چیلنج ناقابل تسخیر ہے اور نہ ہی کوئی مشکل اتنی بڑی ہے، بس ہمیں اپنے مقصد میں متحد ہو کر اپنے نظریات کے لیے پرعزم ہونا ہے۔ عزم، محنت اور مشترکہ وژن کے ساتھ، ہم ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر جاری رکھیں گے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے