کوئٹہ،اسلام آباد:بلوچستان میں نوشکی دالبندین شاہراہ پر ایف سی کے قافلے پر خودکش حملے میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی فور سز نے فوری جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردئیے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اتوار کی صبح ایف سی قافلے پر بارودی دھماکا اور خود کش حملہ کیا۔ خودکش حملے میں 3 ایف سی اہلکار اور 2 شہری شہید ہوگئے۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف فوری جوابی کارروائی کی، ابتدائی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردئیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنیس آپریشن شروع کردیا ہے، سکیورٹی فورسز نے تمام راستے بلاک کر دئیے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہیکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہیگا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوشکی دالبندین شاہراہ پربس کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے نوشکی اسپتال منتقل کیاگیا،شدید زخمیوں کو علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ اسپتال میں دوران علاج 2 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہو گئی، زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایم ایس میر گل خان نصیر ٹیچنگ اسپتال نوشکی کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف نے نوشکی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے
کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہیکہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کے پختہ عزم کو کم زور نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوشکی دالبندین شاہراہ پربس کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا ہیکہ صوبے کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردوں کوکہیں پناہ نہیں ملے گی، بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن عناصر سن لیں ریاست ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے گی، یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگی، امن دشمنوں کوکیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدم کریں گے۔